ابنا: ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا نے افضل گورو کی پھانسی سے متعلق پاکستان کی قومی اسمبلی کی قرارداد کو مسترد کیا ہے۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی اسپیکر میرا کمار نے کل ایک ایک قرارداد پیش کرتے ہوئے افضل گورو سے متعلق جسے پچھلے مہینے پھانسی دے دی گئی تھی، پاکستانی قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد کو پوری طرح مسترد کردیا۔میرا کمار نے اس موقع پر قرارداد پڑھتے ہوئے کہاکہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ لوک سبھا کی اسپیکر نے کہاکہ ہندوستان کے اندرونی امور میں مداخلت کرنے والے کسی بھی ملک کا متحد اور مستحکم طریقے سے جواب دیا جائے گا۔
ادھر راجیہ سبھا میں بھی اس قرارداد پر اپوزیشن کے لیڈر ارون جیٹلی نے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے ہندوستان میں دہشت گردانہ حملے پر منظوری کی سرکاری مہر قرار دی ۔ اپوزیشن جماعتوں نے پاکستانی پارلیمان کی قرارداد پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان سے تمام تعلقات منقطع کر لے۔
اس سے قبل ہندوستان کے وزیرخارجہ سلمان خورشید نے بھی پاکستانی پارلیمنٹ میں منظورکردہ قرارداد پر جس میں افضل گرو کو پھانسی دیئے جانے کی مذمت کی گئی تھی، شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نہایت نامناسب ہے۔انہوں نے پاکستان کو خبردار کیا تھا کہ وہ ہمارے اندرونی معاملوں میں مداخلت کرنے کی کوشش نہ کرے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے جمعرات کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے افضل گورو کو پھانسی دیئے جانے کی مذمت کی تھی اور اس کی لاش اس کے کنبے کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ افضل کو پھانسی کی مذمت کرنےکے علاوہ اس قرارداد میں سزائے موت کے نتیجے میں جموں اور کشمیر میں پیدا ہوئی صورتحال پر تشویش بھی ظاہر کی گئی تھی۔
افضل گورو کو 9 فروری کو دہلی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی اور اسے وہیں دفن کردیا گیا تھا۔
.......
/169